8 ستمبر کا جلسہ ملکی مسائل سے نجات کا پلیٹ فارم ہے: اسد قیصر
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہاہے کہ 8 ستمبر کو ہونے والا جلسہ صرف جلسہ نہیں ملکی مسائل سے نجات حاصل کرنے کا پلیٹ فارم ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ 8 ستمبر کو اسلام آباد میں عظیم الشان جلسہ ہو گا، یہ جلسہ ملک میں ظلم و جبر اور قیدیوں کی رہائی کا راستہ ہے۔اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملک میں بدترین بدامنی اور مہنگائی سے نجات کے لئے جلسے میں شرکت یقینی بنائیں، 8 ستمبر کو ہم جلسہ گاہ قافلے کی صورت میں جائیں گے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ 8 ستمبر کا جلسہ کامیاب کر کے ہم یہ ثابت کر دیں آج بھی عوام بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے جلسہ گاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زندگی رہی تو کل 8 ستمبر ہم اسی جلسہ گاہ میں اکٹھے ہوں گے، 8 ستمبر 2024 سنگجانی جلسہ گاہ دن دو بجے بروز اتوار آپ نے پہنچنا ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ آج رات جلسے کی چاند رات ہوگی، آپ سب کل جلسہ گاہ میں شرکت یقینی بنائیں، جیسے بھی ممکن ہوآپ جلسہ گاہ پہنچیں۔