بھارتی نژاد برطانوی سیاستدان رشی سوناک نے اپنی اہلیہ کی ’شکایت‘ کردی

بھارتی نژاد برطانوی سیاستدان رشی سوناک نے اپنی اہلیہ کی ’شکایت‘ کردی
بھارتی نژاد برطانوی سیاستدان رشی سوناک نے اپنی اہلیہ کی ’شکایت‘ کردی
سورس: Twitter/rishisunakmp

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی نژاد رشی سوناک برطانیہ کی وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں اور غالب امکان ہے کہ وہ بورس جانسن کے جانشین منتخب ہو جائیں گے۔ گزشتہ روز دی سنڈے ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے 42سالہ رشی سوناک نے اپنی فیملی لائف کے متعلق بھی لوگوں کو بتایا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق رشی سوناک نے اپنی اہلیہ اکشتا مورتی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اکشتا سے ایک ہی شکایت ہے کہ وہ گھر میں سلیقہ برقرار نہیں رکھ سکتیں۔
رشی سوناک نے کہا کہ ”میں ایمانداری سے بات کروں گا کہ سلیقہ شعاری کے معاملے میں اکشتا بالکل کوری ہے۔ گھر میں ہر طرف کپڑے اور جوتے بکھرے ہوتے ہیں۔ وہ انہیں سلیقے سے ان کی جگہوں پر نہیں رکھ پاتی۔“رپورٹ کے مطابق رشی سوناک کی اپنی اہلیہ اکشتا کے ساتھ ملاقات اس وقت ہوئی تھی جب وہ سٹینفرڈ یونیورسٹی میں ایم بی اے کر رہے تھے۔ ان کی شادی کی تقریب 2006ءمیں بھارت کے شہر بنگلور میں ہوئی تھی۔دونوں کی دو بیٹیاں 11سالہ کرشنا اور 9سالہ انوشکا ہیں۔اکشتا مورتی ’انفوسس‘ (Infosys)کے شریک بانی نریانا مورتی کی بیٹی ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وباءکے دوران لاک ڈاﺅن کی خلاف ورزیوں کے علاوہ دیگر کئی سکینڈلز کی وجہ سے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو رواں ماہ اپنے عہدے سے مستعفی ہونا پڑا تھا۔ ان کی جگہ وزیراعظم بننے کے لیے برطانیہ کی حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی سے تین لوگ سامنے آئے۔ ان میں وزیرخزانہ رشی سوناک، وزیرخارجہ لزٹروس اور وزیرتجارت پینی مورڈینٹ تھے۔ ان تینوں میں گزشتہ روز الیکشن ہوا جس میں پینی مورڈینٹ کو محض 105ووٹ ملے اور وہ وزارت عظمیٰ کی دوڑ سے باہر ہو گئیں۔ رشی سوناک 137ووٹ لے کر پہلے اور لزٹروس 113ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ اب رشی اور لز ٹروس کے مابین مقابلہ ہو گا اور ان میں سے جو انتخاب جیتنے گا وہ برطانیہ کا نیا وزیراعظم بن جائے گا۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ انتخاب میں پہلے نمبر پر آنے کے بعد رشی سوناک پر بھی کورونا وائرس کی وباءکے عروج کے دنوں میں لاک ڈاﺅن کی خلاف ورزی کرنے کا الزام سامنے آ گیا ہے اور انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

مزید :

برطانیہ -