کینیڈا کا پنجاب
وکٹوریہ جیسی جنت سے نکلنے کوجی نہیں چاہ رہا تھا مگر اس عارضی جنت کو خدا حافظ کہنا ہی پڑا،عمیر بٹر نے مجھے وینکوور جانے والی فیری پر بٹھایا تو مجھے اپنے بزرگ عطا الحق قاسمی صاحب کا گزشتہ روز والا میسج یاد آ گیا،انہوں نے میرے وکٹوریہ کے سٹیٹس پر مجھے پیار اور شفقت بھرا میسج کیا،،یہ واقعہ کب رونما ہوا،،میں نے نیاز مندانہ جواب دیا،،یاسر پیرزادہ کے اس علاقے میں وزٹ کے بعد میں نے بھی مناسب سمجھا کہ بنفس ِ نفیس اس علاقے کا دورہ کروں،،اس پر ان کے جوابی میسج سے پتہ چلا کہ وہ کافی پہلے ان علاقوں کی زیارت کر چکے ہیں،انہوں نے یہ بھی ہدایت نامہ جاری کیا کہ خوب انجوائے کریں،میں نے سوچا چلو پیسے پورے ہو گئے ہیں۔دنیا کے اس کونے میں بہت کم لوگ آتے ہیں اور میں بزعم خویش سمجھ بیٹھا تھا کہ شائد میں ہی یہاں پہنچا ہوں،مگر پیارے بھائی کمشنر لاہور زید بن مقصود نے مجھے میسج کر کے میری یہ خوشی بھی ہوا کر دی، انہوں نے وکٹوریہ پارلیمنٹ کی میری تصویر دیکھ کر،وکٹوریہ کو نہ صرف آمیزنگ قرار دیا، بلکہ یہ بھی بتایا کہ وہ بارہ سال پہلے، یعنی 2012ء میں یہاں آ چکے ہیں۔
میری اگلی منزل یعنی وینکوور بھی وکٹوریہ سے کم نہیں،یہاں مجھے لینے کے لئے عزیز دوست عباس شاہ اور افضل باجوہ موجود تھے، دونوں نے مجھے چار دن تک ایسے ایسے خوبصورت مقامات اور علاقے دکھائے کہ مزہ آ گیا،سمندر،جھیلیں،ڈاون ٹاؤن، ریسٹورنٹ اور کنٹری سائیڈ جو کچھ بھی دیکھا لاجواب تھا، اکتوبر 2023ء میں بی بی سی اردو نے ایک سٹوری شائع کی تھی، جس میں اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے ذریعے کیے گئے ایک سروے کے مطابق بہترین رہائش والے دس شہروں کی ایک فہرست مرتب کی گئی تھی، آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ دنیا کے دس بہترین شہروں میں کینیڈا کے تین شہر بھی شامل ہیں، ان شہروں کی درجہ بندی بہترین صحت، تعلیم اور صفائی کی سہولیات کے اعتبار سے کی گئی تھی، کینیڈا کے ان تین شہروں میں وینکوور (فہرست کے مطابق دنیا میں پانچویں نمبر پر) کیلگری (ساتویں نمبر پر) اور ٹورنٹو (نویں نمبر پر) ہے، بی بی سی نے اپنی اس رپورٹ میں یہ بھی لکھا کہ عموماً یورپی اور سکینڈے نیوین ممالک کا شمار دنیا کے صحتمند ترین یا بچوں کی پرورش کے لئے بہترین ممالک میں ہوتا ہے، لیکن ان سب میں کینیڈا بھی اب خاموشی سے ایک ایسے ملک کے طور پر سامنے آ رہا ہے جہاں یہ ساری سہولیات موجود ہیں۔
وکٹوریہ کہ طرح وینکوور بھی میری فہرست کے مطابق دنیا کے بہترین شہروں میں شامل ہے، وینکوور پر بات کرنے سے پہلے تھوڑا سا ذکر بر اعظم شمالی امریکہ کا جہاں کینیڈا قائم ہے، براعظم شمالی امریکہ میں یوں تو 41 چھوٹے بڑے ملک اور ریاستیں ہیں جیسے بارباڈوس، کوسٹاریکا، برمودا، نکاراگوا، میکسیکو، پاناما وغیرہ لیکن دو سب سے بڑے ممالک کینیڈا اور امریکہ ہی ہیں۔ کینیڈا اور امریکہ دو سمندروں بحر اوقیانوس (Atlantic Ocean) اور بحرالکاہل (Pacific Ocean) کے درمیان واقع ہیں، امریکہ کا شہر سان فرانسسکو اور کینیڈا کا شہر وینکوور ایک دوسرے کے بالمقابل محسوس ہوتے ہیں، کینیڈا کی آبادی تین کروڑ 91 لاکھ 37ہزار سے کچھ زیادہ ہے اور اس کا رقبہ اتنا زیادہ ہے کہ رقبے کے تناسب سے فی مربع کلومیٹر چار نفوس آتے ہیں، اس کم آبادی کی وجہ سے ہی کینیڈا دوسرے ممالک کے لائق افراد کو اپنے ہاں آنے کی دعوت دیتا رہتا ہے۔ کینیڈا کی برآمدات میں زرعی اجناس بھی شامل ہیں، آپ سوچ رہے ہوں گے کہ برف سے ڈھکے ملک میں زراعت ایک اچھا خاصا شعبہ بنتا جا رہا ہے، یہ حقیقت ہے کہ دنیا کے آخری کونے پر واقع ہونے اور زیادہ تر برف سے ڈھکا ہونے کے باوجود کینیڈا نے بڑی تیزی سے ترقی کی ہے۔
وکٹوریہ شہر کی طرح وینکوور بھی کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا ہی میں واقع ہے، یہ کینیڈا کا ایک خوبصورت ترین شہر ہے، بلکہ آپ اسے دنیا کے خوبصورت ترین شہروں میں سے ایک قرار دے سکتے ہیں، یہ وکٹوریہ شہر سے بہت زیادہ دور نہیں ہے۔ مرکزی شہر میں سمندر کے کنارے ایک مقام Canada Place کہلاتی ہے،یہ متعدد خوبصورت عمارتوں کا مجموعہ ہے، یہ شہر ایک بندرگاہ بھی ہے،چنانچہ یہاں ہر وقت جاری رہنے والی چہل پہل کا بھی اپنا ایک الگ رنگ ہے، اس کی خوبصورت تاریخی عمارتوں کو دیکھنے اور پْر فضا مقام کا لطف اٹھانے کے لئے ہر سال بڑی تعداد میں سیاح وینکوور کا رخ کرتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ اس شہر کی سب سے بڑی صنعتوں میں سے ایک سیاحت ہے۔ یہاں جہاز رن وے کے علاوہ سمندر پر بھی لینڈ کرتے اور سمندری رن وے سے ہی پرواز کرتے ہیں لیکن یہ چھوٹے جہاز ہوتے ہیں۔ یہ دس بارہ سیٹوں والے جہاز ہوتے ہیں، جن کے نیچے پہیوں کی جگہ کشتی کی طرح کی چیزیں لگی ہوتی ہیں،ان جہازوں کے ذریعے سیاحوں کو وینکوور شہر کا فضائی نظارہ کرایا جاتا ہے۔ وینکوور دنیا کے مہنگے ترین شہروں میں سے ایک ہے، وینکوور کو کینیڈا کے ہالی ووڈ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اوراس کی وجہ ہے یہاں بننے والی فلمیں۔ آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ وینکوور اور ارد گرد کے علاقوں میں عکس بند ہونے والی فلموں کی تعداد سینکڑوں میں ہے، یہ تو آپ جانتے ہی ہیں کہ فلم ساز اور ہدایت کار فلم کی کہانی کو حقیقت کا روپ دینے کے لئے بہترین لوکیشنز کا انتخاب کرتے ہیں، اب اگر وینکوور میں سینکڑوں فلموں کی عکس بندی کی جا چکی ہے تو اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ کتنا خوبصورت اور پُرکشش شہر ہے۔ بھارتی پنجابی فلموں کا اہم ترین موضوع ان دِنوں کینیڈا ہے اور اس موضوع والی تمام فلمیں وینکوور،کیلگری اور ملحقہ علاقوں میں ہی بنائی جاتی ہیں، ان دنوں ریلیز ہونے والی بھارتی پنجابی فلم جٹ اینڈ جولیٹ تھری کی ہیروئین نیرو باجوہ بھی اسی شہر میں رہتی ہیں۔ وینکوور میں سکھوں کے علاوہ پاکستانی پنجابی بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں اور یہاں انگریزی اور فرنچ کے بعد سب سے زیادی بولی جانے والی زبان پنجابی ہے۔ انڈین نڑاد کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کو پچھلے سال جون میں کینیڈا کے اسی شہر (وینکوور) میں قتل کر دیا گیا تھا،جس کے بعد کینیڈا اور بھارت کے مابین اچھی خاصی کشیدگی پیدا ہو گئی تھی،جو اب تک برقرار ہے۔کینیڈا میں سکھ علیحدگی پسند رہنماء ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد کینیڈا کے وزیراعظم جسٹس ٹروڈو نے اس کے پیچھے انڈین خفیہ ایجنسیوں کے ملوث ہونے کے شبے کا اظہار کیا تھا، امریکہ اور برطانیہ نے بھی انڈیا کو اس ضمن میں تنبیہ کی تھی۔
اگر آپ کبھی کینیڈا جائیں یا کہیں سیاحت کی منصوبہ بندی کریں تو میرا مشورہ ہے کہ وینکوور کو اپنی لسٹ میں ضرور شامل کریں، اگر آپ نے فلم Tomorrowland دیکھ رکھی ہے یقین جانیں وینکوور جا کر یوں محسوس ہونے لگتا ہے جیسے ہم اکیسویں نہیں،بلکہ بائیسویں صدی میں جی رہے ہوں، وینکوور کے سٹینلے پارک کا جواب نہیں، یہ سمندر کے ایک طرف بہت بڑا پارک ہے، یہ پارک ایک شخص کی ذاتی ملکیت تھا لیکن اس نے اسے ایک سیاحتی مقام کے طور پر وقف کر دیا۔