گورنر سندھ کی ارشد ندیم پر انعامات کی بارش، سونے کا تمغہ بھی دینے کا اعلان
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اولمپکس کے جیولین تھرو مقابلے کے فائنل میں کوالیفائی کرنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو سونے کا تمغہ دینے کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق پیرس اولمپکس 2024 میں شاندار کارکردگی دکھانے پر گورنر سندھ نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم پر انعامات کی بارش کردی۔ کامیابی سے وطن لوٹنے پر ارشد ندیم کے اعزاز میں گورنر ہاؤس میں استقبالیے کا بھی اعلان کردیا۔
کامران ٹیسوری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دعا ہے کہ ارشد ندیم پاکستان کا نام روشن کریں، میڈل جیتیں،جیولین تھرومیں وہ پوری طاقت اور تکنیک آزمائیں۔ ارشد ندیم مایہ ناز کارکردگی دکھائیں، سونے کا تمغہ ہم دیں گے، ان کی فیملی کو لیپ ٹاپ اور جدید موبائل بھی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم ارشد ندیم کے لیے دعاگو ہے، وہ سونے کا تمغہ حاصل کریں۔ کامیابی سے وطن لوٹنے پر ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے اور دیگر قیمتی تحائف بھی دوں گا۔
خیال رہے کہ ارشد ندیم آج پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے فائنل میں پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 11 بجے ایکشن میں نظر آئیں گے۔