سپریم کورٹ نے مان لیا وزیراعظم پانامہ کیس میں ملزم نہیں: مسلم لیگ(ن)

سپریم کورٹ نے مان لیا وزیراعظم پانامہ کیس میں ملزم نہیں: مسلم لیگ(ن)

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(اے این این) مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں دانیال عزیز اور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ عدالت میں جھوٹ بولنا تحریک انصاف نے روایت بنا لی ہے ،سپریم کورٹ نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ وزیر اعظم پانامہ کیس میں ملزم نہیں ہیں ،ہم ہم پانامہ کیس کی روزانہ سماعت چاہتے ہیں ، عمران خان اور جمائما کے بیانات میں تضاد ہے ،مریم وزیر اعظم کی زیر کفالت نہیں ہیں ،ہم نے ان کی آمدن اور اخراجات کے حوالے سے تمام دستاویزات عدالت میں جمع کرا دی ہیں،عدالت نے ہمارے پیش کردہ حقائق کو تسلیم کیا ہے۔سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ(ن) کے رہنمادانیال عزیز نے کہا کہ عدالت میں جھوٹ بولنا پی ٹی آئی کی روایت بن چکی ہے ، ہم نے عدالت میں تمام شواہد پیش کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو بھی بلاجواز نشانہ بنایا جاتا رہا ، ان کی آمدنی اور اخراجات کے حوالے سے طنز کیا جاتا رہا ، ہم نے مریم نواز کی آمدنی ، اخراجات کے حوالے سے تمام دستاویزات عدالت میں جمع کرا دی ہیں ۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ جمائما سے پیسے لے کر ہسپتال کی زمین خریدی جبکہ جمائما کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی عمران خان کو ہسپتال کی زمین خریدنے کیلئے پیسے نہیں دیئے ۔ ، انہوں نے کہا کہ 1997 میں نواز شریف اپنے کاروبارسے الگ ہوچکے تھے ۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چودھری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی اس بات کو تسلیم کیا کہ وزیر اعظم پاکستان اس کیس میں ملزم نہیں ہیں ،ہم نے کیس کی کارروائی کے آغاز پر پہلے دن ہی کہا تھا کہ اس کیس میں وزیر اعظم کا نام شامل نہیں ہے ، اس بات کا اعتراف پاناما نے بھی کیا ، انہوں نے کہا کہ جہاں تک ان کے بچوں کا تعلق ہے آج عدالت نے فیصلہ دیا کہ مریم نواز وزیر اعظم کی زیر کفالت نہیں ہیں ، وہ ان کے ساتھ ضرور رہتی ہیں مگر وزیر اعظم ان کی کفالت نہیں کر رہے ، طارق فضل چودھری نے کہا کہ ہم نے آج عدالت میں تمام حقائق پیش کئے جن کو عدالت نے تسلیم کیا ۔ طارق فضل چودھری نے کہا کہ پانامہ میں نام نہ ہونے کے باوجود وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا مسلم لیگ ن

مزید :

علاقائی -