بشارالاسد حکومت کے خاتمے کی اصل وجہ کیا ہے؟ ڈونلڈ ٹرمپ کا اہم ترین بیان آگیا

بشارالاسد حکومت کے خاتمے کی اصل وجہ کیا ہے؟ ڈونلڈ ٹرمپ کا اہم ترین بیان آگیا
بشارالاسد حکومت کے خاتمے کی اصل وجہ کیا ہے؟ ڈونلڈ ٹرمپ کا اہم ترین بیان آگیا
سورس: Creative Commons: Medil on the Hill

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جو 20 جنوری کو عہدہ سنبھالنے والے ہیں، نے  کہا کہ شام کے صدر بشار الاسد کا زوال روس کی جانب سے ان کا ساتھ چھوڑنے کی وجہ سے ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماسکو کو کبھی بھی اسد کی حفاظت نہیں کرنی چاہیے تھی، اور یوکرین کی جنگ، جو کبھی شروع نہیں ہونی چاہیے تھی، کی وجہ سے روس نے شام میں دلچسپی کھو دی۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا۔ "اسد ختم ہو چکا ہے۔ وہ اپنے ملک سے فرار ہو چکا ہے۔ اس کا محافظ، روس، روس، روس، جس کی قیادت (صدر) ولادی میر پیوٹن کر رہے ہیں، اس کی حفاظت میں دلچسپی نہیں رکھتا تھا۔روس کے پاس وہاں موجود ہونے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔انہوں نے شام میں یوکرین کی وجہ سے  دلچسپی کھودی ، یوکرین کے ساتھ  ایک ایسی جنگ ہورہی ہے جو کبھی شروع نہیں ہونی چاہیے تھی اور جو ہمیشہ جاری رہ سکتی ہے۔"

خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق ٹرمپ نے یوکرین کی جنگ کو تیزی سے ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے  ہفتے کے روز پیرس میں یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی سے ملاقات کی، جہاں وہ دونوں نوٹر ڈیم کیتھیڈرل کی  افتتاحی تقریب میں شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ روس اور یوکرین دونوں نے لاکھوں فوجی ہلاک اور زخمی کیے ہیں، اور یوکرین نے کئی شہری بھی کھوئے ہیں۔  " فوری جنگ بندی ہونی چاہیے اور مذاکرات کا آغاز ہونا چاہیے۔میں ولادی میر کو اچھی طرح جانتا ہوں۔ یہ ان کے عمل کرنے کا وقت ہے۔ چین مدد کر سکتا ہے۔ دنیا انتظار کر رہی ہے۔"