ملک بھر میں موبائل سروس معطل ہونے کی خبروں پر الیکشن کمیشن حکام کا مؤقف بھی سامنے آ گیا

ملک بھر میں موبائل سروس معطل ہونے کی خبروں پر الیکشن کمیشن حکام کا مؤقف بھی ...
ملک بھر میں موبائل سروس معطل ہونے کی خبروں پر الیکشن کمیشن حکام کا مؤقف بھی سامنے آ گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)نگران حکومت کی جانب سے ملک بھر میں موبائل سروس معطل کرنے کے فیصلے سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کا بیان سامنے آگیا،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی معطلی سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن وزارت داخلہ کو انٹرنیٹ سروسز کے حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دے گا،انہوں نے کہا کہ ہم کہیں موبائل سروس کھول دیں اور دہشتگردی کا کوئی واقعہ ہوجائے تو کون ذمہ دار ہوگا؟

چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہناتھا گزشتہ روز بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات ہوئے، سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا وزارت داخلہ اور ایجنسیز کا کام ہے، امید ہے انتخابات کا عمل بخیر و عافیت مکمل ہوگا۔

دوسری جانب  الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ چلے یا بند ہو جائے لیکن الیکشن منیجمنٹ سسٹم چلتا رہے گا۔الیکشن کمیشن حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اور دیگر وجوہات پر بعض جگہ نتیجے میں تاخیر ہوسکتی ہے مگر ردوبدل نہیں ہوسکتی،حکام کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے آر او کی لائیو لوکیشن کی مانیٹرنگ جاری ہے، پریذائیڈنگ افسر موبائل فون پر ای ایم ایس استعمال کریں گے۔

بریفنگ کے دوران الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ پریذائیڈنگ افسران فارم 45 بننے کے بعد پولنگ سٹیشن کے باہر چسپاں کرکے اسکی تصویر کھینچ کر آر اوز کو بھیجیں گے۔حکام کا کہنا تھا کہ وہ تصویر موبائل کے اندر لاک ہوگی جس پر ٹائم اور لوکیشن ہوگی، انٹرنیٹ نہ ہوا تو پریزائیڈنگ افسران فارم 45 ذاتی حیثیت میں آر او آفس جمع کرائیں گے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں پولنگ کا عمل شروع کرنے سے قبل ہی مختلف شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہونا شروع ہو گئی۔موبائل اور انٹرنیٹ سروس کے متاثر ہونے کے حوالے سے ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس عارضی طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔