پنجاب بار کونسل کی اقبال ڈے پر تعطیل ختم کرنے کیخلاف ہڑتال کی کال

پنجاب بار کونسل کی اقبال ڈے پر تعطیل ختم کرنے کیخلاف ہڑتال کی کال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار خصوصی )پنجاب بار کونسل نے 9نومبر کو "یوم اقبال "کی عام تعطیل ختم کرنے کے حکومتی اقدام کو مسترد کرتے ہوئے کل 9نومبر کو صوبہ بھر میں ہڑتال کی کال دے دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ وکلاء یوم اقبال کی روایت کو برقرار رکھیں گے تاہم لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی اس کال سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے ۔پنجاب بار کونسل کی وائس چیئرپرسن فرح اعجاز بیگ کا کہنا ہے کہ یوم اقبال کی تعطیل ختم کرنا قابل مذمت اقدام ہے ۔ مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔یوم اقبال کا انعقاد ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا ایک طریقہ تھا ۔وکلاء 9نومبر کو بھرپور طریقے سے یوم اقبال منائیں گے اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے ۔دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر پیر مسعود چشتی کہتے ہیں کہ اقبال ڈے کی چھٹی منسوخ کرنے پر ہڑتال کی منطق سمجھ میں نہیں آتی، 9 نومبر کو وکلاء لاہور ہائیکورٹ میں معمول کے مطابق عدالتوں میں پیش ہوں گے۔دریں اثناء لاہور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے 9نومبر کو ہڑتال سے متعلق پنجاب بار کونسل کی کال کی بھرپور تائید کردی ہے ۔لاہور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اشتیاق اے خاں کا کہنا ہے کہ وکلاء پنجاب بار کونسل کی کال پر عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -