عید الاضحی سے قبل مہنگائی بم گرانا حکومتی ناکامی ہے،ذکر اللہ مجاہد

عید الاضحی سے قبل مہنگائی بم گرانا حکومتی ناکامی ہے،ذکر اللہ مجاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہا ہے کہ عید الاضحی سے قبل مہنگائی بم عوام پر گرانا حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا ثبوت ہے ان خیالات کا اظہا رگذشتہ روز انہو ں نے اپنے بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے قریب آ تے ہی مہنگائی کا طوفان بڑھتا جا رہا ہے روزمرہ کی اشیا ء کی قیمتوں میں اضافہ انتہائی افسوس ناک ہے ۔پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال ہو چکی ہیں جس کی بنا پر منافع خور عوام کو دونوں ہاتھو ں سے لوٹنے میں مصروف عمل ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام کے لیے اپنے لیے دو وقت کی روٹی کمانا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ بازاروں اور مارکیٹوں میں حکومتی اداروں کی رٹ نہ ہونے کی وجہ سے منافع خور وں نے پیاز ، ٹماٹر ،لہسن، ادرک اور دیگر مصنوعات چھریوں ، لکڑی کی مڈھیوں ، ٹوکوں ،ڈیپ فریزر اور کوئلے کی بھٹیوں میں کئی گناہ اضافہ کر دیا گیا ہے اور عوام ان منافع خو روں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ دنیا کے اکثر ممالک میں مذہبی تہواروں پرحکومت کی طرف سے خصوصی طور پر اشیاء خورد ونوش کی قیمتوں میں کئی گناکمی کی جاتی ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک میں مذہبی تہواروں پر الٹی گنگا بہتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومتی ایما پر شوگر ملز مافیا نے ملک میں عیدقربان سے قبل چینی کی قیمت میں 15روپے اضافہ کر کے صارفین کے ساتھ بہت بڑی زیادتی کی ہے ۔