پی ایس 127سے ایم کیوایم مائنس،پیپلز پارٹی کا تیر نشانے پر جا لگا ،کارکنوں کا جشن ،مٹھائیاں تقسیم
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 127 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضی بلوچ 21484ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ ایم کیوایم کے وسیم احمد15ہزاور 442ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے پی ایس 127 کے ضمنی انتخاب میں 21ہزار 484ووٹ حاصل کر کے کامیا ب ہوئے جبکہ ایم کیوایم نے 15ہزار 442ووٹ حاصل کیے۔ جس کے بعد پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے پارٹی آفس کے سامنے بھنگڑے ڈال کر جشن منایا جبکہ گلی محلوں میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں ۔
واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں ایم کیوایم نے اس حلقے سے واضح برتری برقرار رکھتے ہوئے 59811 ووٹ حاصل کر کے کامیابی سمیٹی جبکہ پیپلز پارٹی کے محمد اشرف نے15 ہزار158 ووٹ حاصل کیے تھے اور دوسرے نمبر پر رہے تھے جبکہ پی ٹی آئی کے اظہر جاوید نے 13ہزار818ووٹ حاصل کیے تھے ۔
مزیدپڑھیں:امریکی سینیٹرز نے پاکستان پر پابندیوں کا امکان مسترد کردیا ، نیو کلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کیلئے بھارت کی حمایت نہ کرنے کی بھی تجویز
پی ایس 127 میں متحدہ قومی موومنٹ ، پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں سمیت 20 امیدوار حصہ لیا۔ صوبائی اسمبلی کے حلقے میں پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے اشفاق منگی کی پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کے باعث خالی ہونے والی اس نشست پر متحدہ نے وسیم احمد کو میدان میں اتارالیکن ہو کامیاب نہیں ہو سکے اور پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ بلوچ نے میدان مارا۔ پولنگ کا عمل پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کی موجودگی میں جاری رہا تاہم کئی مقامات پر حالات پھر بھی کشیدہ ہوگئے۔ جعفر طیار میں ایک پولنگ اسٹیشن کے باہر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ملیر اردو نگر میں ایم کیو ایم اور مہاجر قومی موومنٹ کے کارکن آمنے سامنے آگئے، لاٹھیوں اور ڈنڈوں کا استعمال بھی کیا گیا جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔