پشاور کو مدر بورڈ بناکر باقی بورڈز کو ماتحت بنانے کے اقدام سے مسائل پیدا ہونگے‘ پین
چکدرہ(تحصیل رپورٹر)پرائیوٹ ایجوکیشن نیٹ ورک(پین) لوئردیر کے صدرعبدالودود اور جنرل سیکرٹری سجاد حیات خان نے ایک مشترکہ اخباری بیان میں سنگل تعلیمی بورڈ بنانے پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ پشاور کو مدر بورڈ بناکر باقی بورڈز کو ماتحت بنانے کے اقدام سے بے تحاشہ مسائل جنم لیں گے، انہوں نے واضح کیاہے کہ بورڈز کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگانا کسی بورڈ کے قوانین نہیں بلکہ قوانین پر عملدرآمد نہ کرواناہے پہلے ایک بورڈ کو اٹھ بورڈز میں تقسیم کرناجبکہ اب اٹھ بورڈز کو ایک بورڈ کے ماتحت بنانا مسائل سے آنکھ چرانے اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے سواء کچھ نہیں، انہوں نے کہاکہ پشاور بورڈ کو مدر بورڈ بناکر دیگر بورڈز کو اس کے ماتحت بنانا درحقیقت تعلمی بورڈز کو افسر شاہی کے حوالے کرناہے جو کہ مناسب اقدام نہیں، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ ایسا کوئی فیصلہ جلد بازی میں کرنے کی بجائے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیا جائے۔