بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا تھا وہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتے: اسد قیصر
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی واضح پالیسی ہے اسرائیلی ریاست کو ناجائز سمجھتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم بھی واضح کیا تھا اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتے۔نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کسی طور پر بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہا گیا غیر ملکی طاقتوں کا ایجنڈا کہا گیا، ہمیں ایسے الزامات کی پرواہ نہیں یہ ماضی سے چلتا آ رہا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ حکومتی مشینری جلسہ ناکام بنانے پر لگی ہوئی ہے، پورا اسلام آباد بند کیا جا رہا ہے، ان کی خواہش ہے جلسہ ناکام بنایا جائے، جو جلسہ روکنے کی کوشش کریں گے وہ قانون ہاتھ میں لیں گے، محمود اچکزئی کے ساتھ جلسہ گاہ کا دورہ کیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پارلیمنٹ نے قانون تبدیل کیا اور سپریم کورٹ نے توثیق کی، میری نظر میں نیب ترامیم کے بعد توشہ خانہ اور القادر کیس ختم ہوگئے۔