وہ منفرد کمپنی جہاں متعدد بلیِاں اعلیٰ ترین عہدوں پر کام کرتی ہیں
ٹوکیو (ڈیلی پاکستان آن لائن )ویسے تو دفاتر میں کسی بلی کا ہونا حیران کن نہیں ہوتا مگر انہیں کمپنی کا ملازم بنا لینا ضرور دنگ کر دیتا ہے۔
جی ہاں واقعی جاپان میں ایک کمپنی نے متعدد بلیوں کو ملازمت پر رکھا ہوا ہے۔10 بلیاں اس کمپنی کے لئے کام کر رہی ہیں۔ان میں سے زیادہ تر کل وقتی ملازم ہیں اور کمپنی نے دفتر کی تزئین نو اس طرح کی ہے کہ بلیوں کو وہاں رہنے میں مسائل کا سامنا نہ ہو۔
اس دفتر میں 21 انسان بھی ملازمت کرتے ہیں جو بلیوں کے ساتھ کام کرنا پسند کرتے ہیں۔2020 میں یہ کمپنی ایک 4 منزلہ دفتر میں منتقل ہوئی تو وہ اپنے اہم ترین ملازمین کو بھولی نہیں۔
کمپنی کی جانب سے دوسری اور تیسری منزل کی تزئین و آرائش کی گئی تاکہ بلیاں وہاں آسانی سے رہ سکیں۔بلیوں کے لئے 12 ٹوائلٹس اور دیگر چیزوں کو نصب کیا گیا جبکہ دیواروں پر ایسا پینٹ کیا گیا جو بلیوں کے پنجے مارنے سے خراب نہ ہو۔
اس دفتر میں بلیوں کے پاس مختلف عہدے جیسے چیف کلرک ، آڈیٹر اور چیئر کیٹ موجود ہیں۔فیٹوبا نامی بلی چیئر کیٹ ہے جس کی عمر 20 سال ہے اور کمپنی کا سب سے اعلیٰ عہدہ اس کے پاس ہے، یہاں تک سب انسان بھی اس کے ماتحت ہیں۔
وہاں کام کرنے والی 8 بلیاں تو ہر وقت دفتر میں موجود ہوتی ہیں جبکہ باقی 2 ایک ملازم کے گھر میں قیام پذیر ہیں۔وہاں کام کرنے والے افراد یہ تسلیم کرتے ہیں کہ بلیاں ان کے کاموں میں مداخلت کرتی ہیں مگر وہ اس کا خیرمقدم کرتے ہیںکیونکہ اس سے انہیں وقفہ لینے کا موقع ملتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بلیاں لوگوں کے باہمی تعلقات بہتر بنانے میں بھی مدد فراہم کرتی ہیں، جس کے جواب میں وہ بلیوں کی صفائی اور خوراک کا خیال رکھتے ہیں۔