بھارت میں کووڈ کیسز میں اضافہ، 3 ریاستوں میں پابندیاں لاگو کردی گئیں

بھارت میں کووڈ کیسز میں اضافہ، 3 ریاستوں میں پابندیاں لاگو کردی گئیں
بھارت میں کووڈ کیسز میں اضافہ، 3 ریاستوں میں پابندیاں لاگو کردی گئیں
سورس: File

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت  کے بیشتر حصوں میں گزشتہ چند دنوں کے دوران کووڈ 19  کے کیسز  میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے باعث کووڈ پابندیاں دوبارہ لاگو کرنا شروع کردی گئی ہیں۔ کئی ریاستوں نے ماسک کو دوبارہ لازمی قرار دیا ہے، جب کہ دوسروں نے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔
مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے اس ہفتے کے شروع میں ایک جائزہ میٹنگ کی اور ریاستوں سے کہا کہ وہ چوکس رہیں اور صحت کی سہولیات کی تیاری کا جائزہ لیں۔ سرکاری اور نجی ہسپتالوں کی ہنگامی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے پیر اور منگل کو ملک گیر موک ڈرل کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں وزیر صحت نے یقین دلایا کہ حکومت انفیکشنز میں حالیہ اضافے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی یو بیڈز، آکسیجن کی فراہمی اور دیگر اہم دیکھ بھال کے انتظامات موجود ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ تیاری کا ہفتہ وار جائزہ لیا جاتا ہے۔

کووڈ وبائی مرض کی ممکنہ چوتھی لہر پر وزیر صحت نے کہا کہ چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایف 7  آخری کووڈ میوٹیشن اومیکرون  کا ذیلی ویرینٹ تھا، اور اب XBB1.16 ذیلی ویرینٹ انفیکشنز میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔  انہوں نے واضح کیا کہ یہ قسمیں زیادہ خطرناک نہیں ہیں۔

اس وقت بھارت کی تین ریاستوں ہریانہ، اتر پردیش اور نئی دہلی میں کووڈ پابندیوں کو لاگو کرنا شروع کردیا گیا ہے۔ ہریانہ میں حاملہ خواتین کیلئے ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے جب کہ اتر پردیش میں غیر  ملکی مسافروں کی سکریننگ کی ہدایت کی گئی ہے۔ نئی دہلی میں ہسپتالوں کو تیار رہنے اور حکام کو ٹیسٹنگ میں تیزی لانے کا حکم دیا گیا ہے۔