دوران پرواز آدمی نے بزنس کلاس میں بیٹھے بڑی کمپنی کے سینئر ایگزیکٹو پر پیشاب کردیا

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے دارالحکومت سے بینکاک جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز AI 2336 میں بدھ کے روز اس وقت عجیب صورتحال پیدا ہو گئی جب ایک مرد مسافر نے بزنس کلاس میں اپنے ساتھ بیٹھے دوسرے مرد مسافر پر پیشاب کر دیا۔
نیوز 18 کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ بینکاک میں لینڈ کر رہا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متاثرہ مسافر ایک بڑی کمپنی کے سینئر ایگزیکٹو ہیں، جبکہ جس شخص پر الزام ہے اس نے مبینہ طور پر اپنے اس عمل پر معافی بھی مانگی ہے۔
ایئر انڈیا نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ شرمناک حرکت پرواز AI 2336 میں ہوئی اور اس کی اطلاع حکام کو دے دی گئی ہے۔ ایئرلائن کے ترجمان نے کہا کہ بدتمیز مسافر کو وارننگ دی گئی، اور ہمارے عملے نے متاثرہ مسافر کو یہ پیشکش بھی کی کہ وہ بینکاک میں حکام سے شکایت کرے، مگر اس وقت انہوں نے انکار کر دیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ایک آزاد کمیٹی اس واقعے کا جائزہ لے گی اور طے کرے گی کہ اس مسافر کے خلاف کوئی کارروائی کی جائے یا نہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب ایئر انڈیا کی پرواز میں اس نوعیت کا واقعہ پیش آیا ہو۔ 26 نومبر 2022 کو نیویارک سے دہلی آنے والی ایئر انڈیا کی پرواز میں ایک شخص نے مبینہ طور پر نشے کی حالت میں ایک خاتون مسافر پر پیشاب کر دیا تھا۔ اس کے 10 دن بعد پیرس سے دہلی آنے والی پرواز میں ایک اور نشے میں دھت مرد مسافر نے خاتون مسافر کے کمبل پر پیشاب کر دیا۔