گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی شدید مذمت کرتے ہیں،سردارثاقب
مظفرآباد(سٹی رپورٹر)نیدر لینڈ میں ہونے والے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،مسلم سٹوڈنٹ آرگنائزیشن آزاد کشمیر۔ناظم ایم ایس او آزاد کشمیر سردار ثاقب شاہین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہی وقت ہے کہ ہم مسلمان اکھٹے ہوکر اس کی بھرپور مذمت کریں۔مسلم سٹوڈنٹ آرگنائزیشن پاکستان و آزاد کشمیرمیں یوم احتجاج منائے گی اس حوالے سے پورے ملک میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ناموس رسالت اسلام کی بنیادی اساس ہے ختم نبوت پر کسی بھی قسم کا حملہ ناقابل برداشت ہے۔حکومت پاکستان نیدر لینڈ کے سفیر کو فی الفور ملک بدر کرے اورانکے ساتھ تمام سفارتی تعلقات ختم کر کے اسے بند کیا جائے۔ناظم اطلاعات و نشریات ایم ایس او آزاد کشمیر حافظ عبیدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام مذہبی و سیاسی طبقات کو اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر ناموس رسالت کیلئے عملی طور پر اقدامات کرنے چاہیئے ۔ناموس رسالت کی حفاظت ہماری اولین ترجیح و مذہبی فریضہ ہے۔اس پر کسی بھی مذہب یا ملک کو زبان درازی کرنے کی اجازت قطعاً نہیں۔یہ ذمہ داری تمام امت مسلمہ پر عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی مذہبی امور پر کسی بھی قسم کی گستاخانہ جسارت کو برداشت نہ کریں ۔نام نہاد آزاد ی اظہار رائے کی آڑ میں کسی بھی مقدس ہستی کی شان میں گستاخی معافی کے قابل نہیں ہو سکتی۔