لاہور: سرکلر روڈ پر ٹریفک وارڈنز کا رکشہ ڈرائیور پر تشدد،انسپکٹر اور 2 وارڈنز معطل
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )لاہور میں سرکلر روڈ پر ٹریفک وارڈنز نے رکشہ ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، تفصیلات کے مطابق سی ٹی او نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر اور 2 وارڈنز کو معطل کر دیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ سرکلر روڈ پر وارڈنز نے ایک رکشہ ڈرائیور ارباز کو ٹریفک قانون کی خلاف ورزی پر روکا اور چالان کرنے لگے، اس دوران رکشہ ڈارئیور نے بحث شروع کردی تو ٹریفک انسپکٹر خرم، وارڈن اکرم اور اسسٹنٹ زونیر نے ڈرائیور پر تشدد شروع کردیا۔
تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی تو سی ٹی او عمارہ اطہر نے تینوں اہلکاروں کو معطل کر کے ایس پی سٹی منیر ہاشمی کو انکوائری کاحکم دے دیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ویڈیو سامنے نہ آتی تو اس پر بھی کوئی ایکشن نہیں ہوناتھا، پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں عوام کی تذلیل روزمرہ کا معمول بن چکا ہے ، اہلکاروں کی تربیت کی ضرورت ہے ۔