گھرکا بجلی کا بل 10 لاکھ روپے آیا ہے،کچھ بیچ کر ہی بل ادا کرنا پڑےگا: ایمل ولی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ سینیٹر ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ ان کے گھرکا بجلی کا بل 10 لاکھ روپے آیا ہے،کیا کریں کچھ بیچ کر ہی بل ادا کرنا پڑےگا۔
پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ اس وقت اس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا ہے، عوام کو آئی پی پیز سے نجات نہیں دلاسکتے تو بنگلادیش کا حال دیکھ لیں۔ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ لیڈر لیس موومنٹ اگر شروع ہوجائے تو اسے کوئی کنٹرول نہیں کرسکتا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اورگورنر کو ڈرامے بازیوں سے نکل کر قوم کا سوچنا چاہئے، ان دونوں کے اپنے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں حکومتی رٹ نہیں ہے، ان علاقوں میں پولیس شام کے بعد تھانوں سے باہرنہیں نکلتی۔