پرویز خٹک کا جنرل باجوہ کو توسیع کی پیشکش کا اعتراف
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک کا کہنا ہےکہ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ کو مدت ملازمت میں توسیع کی پیشکش ضرور کی لیکن غیر معینہ مدت کی توسیع کی بات درست نہیں۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ان سے وزارت داخلہ کا وعدہ کرکے مکرگئے، وہ جھوٹے شخص ہیں، صدر پاکستان بننےکی بھی پیشکش کی گئی جسے انہوں نے ٹھکرا دیا۔عمران خان کے دور میں وزیر دفاع رہنے والے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ جب ہم نے جنرل باجوہ کو توسیع کی پیشکش کی اس وقت تک دیر ہوچکی تھی اور پانی سر سے اونچا ہوچکا تھا، جنرل باجوہ کو غیرمعینہ مدت تک کی توسیع کی پیشکش کی بات درست نہیں۔
نوشہرہ سے اپنے رشتے داروں کو پارٹی ٹکٹ دینے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جو بھی سیٹ جیت سکتا ہے اس کو ٹکٹ دیں گے، چاہے وہ ان کےگھر سے ہو۔