غیر ملکی جہاز کے عملے سے ہزاروں ڈالر رشوت لیے جانے کا انکشاف، افسر گرفتار
کراچی(آئی این پی) غیر ملکی بحری جہاز کے عملے کی کلیئرنس میں ایف آئی اے انچارج کے خلاف تحقیقات کے نتیجے میں ہزاروں ڈالرز رشوت لینے والے اہلکاروں میں شامل اے ایس آئی عطا اللہ میمن کو گرفتار کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اے ایس آئی عطا اللہ میمن کو ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے درج مقدمے میں گرفتار کیا ہے، سابق انچارج امیگریشن پورٹ قاسم عطا اللہ میمن نے غیر ملکی بحری جہاز کے 8 ٹیکنیشنز کے معاملے کو غیر قانونی بتا کر 2 ہزار امریکی ڈالر رشوت لی تھی۔ایف آئی اے کے مطابق غیر ملکی بحری جہاز کے ٹیکنیشن بھارتی پورٹ مندرا سے پورٹ قاسم پہنچے تھے، عطا اللہ میمن نے اہلکار زوہیب کے ہمراہ شپنگ ایجنٹ سے 4 ہزار ڈالر مانگے، تاہم بعد میں معاملہ 2 ہزار ڈالر میں طے ہوا۔امیگریشن قوانین کے تحت دنیا بھر میں ٹیکنیشن بحری جہاز میں سوار ہو کر خدمات انجام دیتے ہیں، لیکن ذرائع کے مطابق اے ایس آئی عطا اللہ میمن نے امیگریشن کلیئرنس کے نام پر غیر ملکی بحری جہاز کے کپتان اور ایجنٹ کو بلیک میل کیا۔اے ایس آئی عطا اللہ میمن نے 2 ہزار امریکی ڈالر لے کر ریکارڈ میں بھی ٹیمپرنگ کی، ہیڈ کانسٹیبل زوہیب کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے کی کارروائی جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن سرکل میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔