پاکستانی سرمایہ کار سیاست سے بالا تر ہوکر ملک کیلئے کام کریں:قونصل جنرل جدہ
جدہ (محمد اکرم اسد) قونصل جنرل خالد مجید نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو تلقین کی ہے کہ وہ کسی بھی سیاست سے بالا تر ہوکر پاکستان کیلئے بھر پور کام کریں، پاکستان قونصلیٹ کا انکے ساتھ بھر پور تعاون رہے گا، وہ یہاں سعودی عرب میں پاکستانی سرمایہ کاروں کی تنظیم "پاکستان انویسٹرز فورم" کی ایک بڑی تقریب جسکا عنوان "آؤ پاکستان کو عظیم تر بنائیں“ تھا سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ جسکی صدارت فورم کے چئیرمین چودھری شفقت محمود نے کی۔
پاکستان قونصلیٹ کی کمرشل قونصلر سعدیہ خان نے تقریب سے خطاب ہوئے کہا کہ اس سال فروری کے اوائل میں جدہ میں پاکستانی مصنوعات کی تین روزہ نمائش “میڈ اِن پاکستان” منعقد ہوگی، جس میں پاکستان سے 130 کمپنیوں کی شرکت متوقع ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجروں اور صنعت کاروں کی خواہش تھی کہ سعودی عرب میں ایک ایسی نمائش کا اہتمام ہو جس میں صرف پاکستانی صنعت کاروں اور انکی مصنوعات کو شامل کیا جائے، انہوں نے پاکستانیوں سے توقع ظاہر کی کہ وہ ہماری کوششوں کا کامیاب بنانے میں شانہ بشانہ ہونگے، واضح رہے کہ اس نمائش سے سعودی عرب اور پاکستان کے تجارتی حجم میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، اس موقع پر پاکستانی سرمایہ کاروں کے علاوہ جدہ میں پاکستان کمیونٹی نے بھی شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فورم کے سربراہ چودھری شفقت محمود نے فورم کی گزشتہ دو ماہ کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستانی سرمایہ کاروں کی سہولیات کیلئے جدہ چیمبر آف کامرس کے اعلیٰ عہدیداروں اور دیگر متعلقہ اداروں سے ملاقاتیں کی ہیں جنہوں نے سرمایہ کاری کے حوالے سے بھر پور حمایت کا یقین دلایاہے، انہوں نے کہا کہ فورم بہت جلد سعودی عرب میں صحت ادارے کے شعبے میں پولی کلینکس، فارمیسیز میڈیکل سٹاف کے حوالے سے بھی تعاون اور سرمایہ کاری میں بھرپور مدد کرے گا ۔انہوں نے بتایا کہ پہلے سعودی عرب صرف ڈاکٹروں کو پولی کلینکس کھولنے کی اجازت دیا کرتا تھا لیکن اب پالیسیوں میں تبدیلی کے بعد اب بہت سے سیکٹرز میں سعودی عرب نے سرمایہ کاری کی اجازت دے دی ہے جو سعودی وژن2030 کے ہدف کو پوراکرےگا۔
چودھری شفقت محمود نے کہا کہ انکی ملاقات ممتاز عالمی تربیتی ادارہ TUVR سعودی عرب جدہ آفس میں چیف ایکیزیکٹو نایاب گوہر سے ہوئی جس میں مختلف ٹیکنیکل سپورٹ کے لئے پاکستانیوں کو پاکستان میں رہ کے تربیتی کورس کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے طریقہ کار اور سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے بات چیت ہوئی، عنقریب دونوں ممالک کے درمیان ایم او یو سائن ہونگے جس سے پاکستان میں منتظر دولاکھ سے زائد غیر تربیت یافتہ افراد تربیتی کورسز کے سرٹیفیکیٹ حاصل کر سکیں گے، اسکے نتیجے میں یہ تربیت یافتہ افرادی قوت سعودی عرب روزگار حاصل کرنے کیلئے بہ آسانی آسکیں گے۔
ٹی یو وی_رائن لینڈ گروپ، آزادانہ تفتیش، معائنہ، تربیت اور سرٹیفیکیشن خدمات میں ایک عالمی ادارہ کی حیثیت رکھتا ہے، اس موقع پر چودھری شفقت نے کہا کہ یہ قَابل فخر بات ہے کہ سعودی عرب سے پاکستانیوں کی جانب سے بھیجے جانے والا زرمبادلہ دوسرے سارے ملک سے زیادہ رہا ہے، اسکے لئے چودھری شفقت نے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے اگر ہر پاکستانی 370 ڈالر بینکوں کے ذریعے ہر ماہ بھیجے تو ہماری معیشت مزید ترقی کی طرف گامزن ہوگی اور ملک کو بیرونی قرضوں سے نجات ملنے میں مددملے گی، تقریب سے خطاب میں تقریب سے پاکستان کے پریس قونصل چودھری عرفان، فیصل طاہر خان اور فورم کے بانی اراکین نقاب خان اور فنادق کے سربراہ سلمان آرائیں نے بھی خطاب کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے حوالے سے اپنے سابقہ تجربات بیان کیے، اس موقع پر انویسٹرز چودھری محمد یوسف اور حجاب گل اور دیگر مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے دعائیں بھی کی گئیں، نظامت کے فرائض تنویر چودھری نے ادا کئے۔