صوبائی وزیر صنعت وتجارت کا پٹرول کی عدم دستیابی پر اظہا ر تشویش

صوبائی وزیر صنعت وتجارت کا پٹرول کی عدم دستیابی پر اظہا ر تشویش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت وتجارت اور محکمہ امداد باہمی و انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے ملک بھر میں پٹرول کی عدم دستیابی اور پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی نااہلی کے باعث عوام سخت پریشان ہیں۔ ایک طرف کورونا وائرس کے پھیلا اور دوسری طرف روزمرہ کی اشیا کی قیمتوں میں آئے دن اضافے نے عام آدمی کی زندگی کو عذاب بنادیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں انتہائی کم ہیں جبکہ پاکستان میں پٹرول مہنگے نرخوں فروخت کیا جارہا ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ ملک بھر میں بیشتر پٹرول پمپس پر پٹرول دستیاب نہیں ہے اور لوگ پٹرول کے حصول کے لئے لمبی لمبی قطاریں بنانے پر مجبور ہیں۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے مذید کہا کہ وفاقی حکومت کی ناقض پالیسی کے باعث ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہوا ہے اور ایک ہفتے گذر جانے کے باوجود وفاقی حکومت پٹرول کی فراہمی کو بحال نہیں کرسکی ہے اور متعلقہ وفاقی وزرا صرف بیانات دینے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف پٹرول نایاب ہے تو دوسری طرف پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث غریب آدمی کے لئے روٹی کا حصول بھی ممکن رہا ہے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت وتجارت اور محکمہ امداد باہمی اور انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ذمداری ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔

مزید :

صفحہ آخر -