روح افزا نہ ملنے کے باعث پریشانی کا شکار بھارتی روزہ داروں کیلئے خوشخبری آگئی
نئی دلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت میں قائم ہمدرد دواخانہ نے اعلان کیا ہے کہ ایک ہفتے کے اندر اندر تمام دکانوں پر روح افزا کی سپلائی فراہم کردی جائے گی۔
بھارت میں روح افزا کمپنی کے مالکان میں جائیداد کے تنازعہ کے باعث گزشتہ برس نومبر سے گرمیوں کے مقبول ترین شربت کی پروڈکشن بند تھی۔ روح افزا کی پروڈکشن کی بندش کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر بھارت کے مسلمان ہورہے تھے کیونکہ روزوں میں روح افزا کے بغیر افطاری کا تصور بھی محال ہے، لیکن اب کمپنی نے صارفین کو خوشخبری سنادی ہے۔
ہمدرد کمپنی انڈیا کے چیف سیلز اینڈ مارکیٹنگ آفیسر منصور علی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ خام مال کی کمی کی وجہ سے نومبر 2018 سے روح افزا کی پیداوار بند تھی تاہم 15 اپریل سے مشروب کی دوبارہ پروڈکشن شروع ہوگئی ہے اور اگلے ایک ہفتے کے دوران پورے ملک میں دکانوں پر روح افزا ملنا شروع ہوجائے گا۔