کوئٹہ دھماکا : وزیراعظم شہبازشریف ، وزیرداخلہ اوربلاول بھٹو کی شدید مذمت
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعظم شہباز شریف، وزیرداخلہ محسن نقوی اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹونے کوئٹہ میں ریلوے سٹیشن پر دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ، وزیراعظم نے بلوچستان حکومت سے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ معصوم اور نہتے شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کوسخت قیمت ادا کرنا پڑےگی،دہشتگردی کی عفریت کے خاتمے کے لئے حکومت اور سکیورٹی فورسز مکمل طور پر سرگرم عمل ہیں۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشگردانہ دھماکے میں اپنے پیاروں کے کھونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں، دھماکے کے زخمیوں کے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے ، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے انسان کی شکل میں درندے ہیں، کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کی جنگ کے متعلق پیپلز پارٹی کا موقف قوم کی آواز ہے، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے اقدام کی حمایت کرتے ہیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں ، اس دھماکے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ دشمن پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے یہ بزدلانہ کارروائیاں کر رہا ہے قوم مل کر اس گھناو¿نی سازش کو ناکام بنائے گی۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے سٹیشن پر بم دھماکے میں اب تک 24 قیمتی جانیں ضائع ہو نے کی اطلاع ہے، بلوچستان میں پے در پے دہشت گردی کے واقعات نہ صرف ہمارے دلوں کو دہلا رہے ہیں بلکہ ملک کی سلامتی پر بھی سنگین سوالات کھڑے کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے پر ہم متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری اور ٹھوس اقدامات کے ذریعے بلوچستان میں امن و امان کی بحالی یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ آج صبح کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 24 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔