پاکستان نے افغان فورسز کی جارحیت ناکام بنا دی،پاک فوج کی مؤثر کارروائی
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان نے پاک افغان بارڈر نوشکی غزنالی سیکٹر میں افغان فورسز کی جارحیت ناکام بنا دی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان فورسز کی جانب سے پاکستان کی پوسٹوں پر فائرنگ کی گئی، پاکستان نے جوابی کارروائی میں افغان چوکیوں کو نشانہ بنایا، فائرنگ کے تبادلے کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب پاکستانی فورسز کی جانب سے باڑ کی مرمت کا کام جاری تھا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی مؤثر جوابی کارروائی سے افغان فورسز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے اپنی سرحدوں کی حفاظت کیلئے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا، افغان فورسز کی جانب سے بِلا اشتعال جارحیت پہلے بھی کی جا چکی ہے، پاکستانی سیکیورٹی فورسز اپنی علاقائی سالمیت پر کسی صورت حرف نہیں آنے دیں گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی طرف سے اِس جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔