میر علی میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ، 2 خوارج ہلاک
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سیکیورٹی فورسز کا خوارجیوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن، سیکیورٹی اہلکاروں اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 خوارجی مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، یہ ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں سمیت علاقے میں معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے، علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لئے کلئیرنس آپریشن بھی کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔