الیکشن یا سلیکشن ؟ نجم سیٹھی بلا مقابلہ چیئر مین منتخب

الیکشن یا سلیکشن ؟ نجم سیٹھی بلا مقابلہ چیئر مین منتخب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا الیکشن سلیکشن بن گیا۔ نجم سیٹھی کے مد مقابل کوئی امیدوار کھڑا نہیں ہوا وہ پی سی بی کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔ پی سی بی گورننگ بورڈ کا اہم اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوا جس میں نجم سیٹھی کو بلا مقابلہ پی سی بی چیئرمین منتخب کرلیا گیا۔ وہ تین سال کے لیے بورڈ کے چیرمین کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔نئے گورننگ بورڈ میں 4 ڈپارٹمنٹس یونائیٹڈ بینک، حبیب بینک، واپڈا اور سوئی سدرن گیس کمپنی، جب کہ ریجنز میں لاہور، سیالکوٹ، کوئٹہ اور ایڈہاک کا شکار فاٹا شامل ہیں۔ پی سی بی کے نئے سربراہ کی سلیکشن کیلیے نئے گورننگ بورڈ کے چند ارکان کی گزشتہ روز ہی لاہور آمد ہوگئی تھی، جب کہ دیگر ارکان بدھ کو اجلاس کیلیے پہنچے۔پی سی بی کا الیکشن محض رسمی کارروائی ہی رہا۔ بورڈ میں ایک بار پھر نجم سیٹھی کی اجارہ داری قائم ہوگئی۔ پی سی بی کو سیاست سے پاک کرنے کے دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئے۔نجم سیٹھی ایک بار پھر بورڈ کے چیئرمین تو بن گئے لیکن وہ ماضی کی طرح ایک بارپھر قانونی مسائل میں پھنس سکتے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ان کی گورننگ بورڈ میں نامزدگیوں کو چیلنج کررکھا ہے۔ اس کیس کی سماعت (آج)جمعرات کوہورہی ہے۔نجم سیٹھی 2013میں بھی پی سی بی چیئرمین کی مسند پر بیٹھے تھے پھرسابق چیئرمین ذکا اشرف اور ان کے درمیان کرسی کیلئے طویل عدالتی جنگ بھی چلی جس کے بعد 2014میں عدالتی حکم کے بعد انہیں عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔ جس کے بعد شہریارخان چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر فائز ہوئے۔