عمران خان نے نواز شریف کو بیرون ملک بھجوا کر حکومت بچائی: بلاول بھٹو
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کرپٹ لوگ ڈھونڈنے کیلئے ایپ لانچ کی، وہ اس ایپ کو اپنی کابینہ کے ارکان پر لاگو کریں، بی آر ٹی اور مالم جبہ کیسز کی اب تک کوئی تفتیش نہیں ہوئی۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج وفاقی حکومت کا خواب ہے۔ کئی پیش گوئیاں کی گئیں مگر سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت اب بھی قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کٹھ پتلی کے تماشے نہیں دیکھنا چاہتے۔ عمران خان نے اپنی حکومت بچانے کیلئے سمجھوتہ کیا ہے،وہ نواز شریف کو باہر بھیج کر کہتے ہیں انہیں نہیں چھوڑوں گا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ نواز شریف کو سزا ہو چکی تھی اور آصف زرداری پر صرف الزامات ہیں اور کوئی الزام ثابت بھی نہیں ہوا لیکن وہ پھر بھی جیل میں ہیں۔ طبی بنیادوں پر نواز شریف کو ریلیف ملنا ان کا حق تھا۔انہوں نے بتایا کہ آصف زرداری کی میڈیکل بورڈ کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی۔ اگر ضمانت ہوئی تو انھیں کراچی کے ہسپتال میں منتقل کریں گے۔ امید ہے عدالت سے انصاف ملے گا۔ان کا کہنا تھا کہ نااہل اور سلیکٹڈ وزیراعظم اور ان کی حکومت عوامی مسائل حل نہیں کر سکتے، صرف مخالفین کو دباؤ میں رکھنے کیلئے حربے استعمال کرتے ہیں،حکومت سیاسی مخالفین پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے لیکن ہم تمام تر دباؤ کے باجود خاموش نہیں ہوں گے۔
بلاول بھٹو