عمران خان کے پاس جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی صلاحیت نہیں، وہ جگہ دیکھ کر اپنا موقف بدل لیتے ہیں: بلاول بھٹو
لیہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کا نام لے کر سیاست چمکانے والوں کو کچھ نہیں ملے گا،عمران خان کے پاس جنوبی پنجاب کا صوبہ بنانے کی صلاحیت نہیں وہ جگہ دیکھ کر اپنا موقف بدل لیتے ہیں۔
لیہ میںعوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ عمران خان اور شوباز شریف کو غریبوں کی فکر نہیں ہے، ناکام لیگ نے صاف پانی سکیم کے تحت 4 ارب خرچ کئے۔ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب جگہ دیکھ کر اپنا موقف بدل لیتے ہیں، کون سے 90 دن میں عمران خان نے کے پی سے کرپشن، دہشت گردی ختم کی؟ ان کے جھوٹے وعدے سب پہلے بھی سن چکے ہیں،ان کے پاس جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی صلاحیت نہیں ہے،پہلے لاہور میں انتظامی یونٹ کی بات کرتا ہے صوبے کی نہیں اور ان کے ساتھ بیٹھ کر کہتا ہے کے حکومت میں آنے کے بعد 100 دن میں صوبہ بناوں گا۔انہوں نے کہا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے جنوبی پنجاب کا قیام ضروری ہے، جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا حل صرف نیا صوبہ ہے، جنوبی پنجاب کی حقیقی نمائندگی صرف پیپلزپارٹی کرسکتی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی اکیلے کچھ نہیں کرسکتی آپ کی طاقت میری طاقت بنے گی، میرا ساتھ دیں تو بھٹو شہید کے نقش قدم پر چل کر رہائشی سکیم کا منصوبہ دوں گا، 6 اضلاع پر مشتمل تھل ڈو یژ ن کا قیام عمل میں لایا جائے گا، پیپلزپارٹی حکومت میں آکر لیہ میں فری انڈسٹریل زون بنائے گی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لیے پی ٹی آئی میں جانے والے پانچ سال اسمبلی میں خاموش رہے، اقتدار کے مزے لوٹتے رہے اور اب انہیں جنوبی پنجاب یاد آرہا ہے، عوام باشعور ہے ان کے دھوکے اور فریب میں نہیں آئے گی