زائچہ گھر۔۔آپ کے مسائل کامخفی علوم سے علاج
بیٹی کا رشتہ نہیں آرہا ؟
ارسلان عباس، ظفر وال
سوال: میں اپنی بیٹی کے معاملے میں بہت فکر مند ہوں، اس کی عمر بڑھتی جا رہی ہے مگر کوئی رشتہ نہیں آتا، اپنے حساب کتاب سے بتائیں کہ رشتہ کب آئے گا؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق آپ کی بیٹی نحوست مریخ کا شکار ہے، مریخ ان کے پیدائشی زائچے میں طالع میں بیٹھا ہے، ان کا شمسی طالع ساڑھ ستی کا بھی شکار ہے، علم الاعداد کے اعتبار سے ان کا عددِ پیدائش 2 بنتا ہے جو جنسی مخالف اور معاشی معاملات میں اُتار چڑھاؤ کو ظاہر کرتا ہے۔ ان تمام پریشانیوں سے محفوظ رہنے کے لئے روحانی تدابیر اختیار کریں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
کونسا پیشہ درست رہے گا؟
محمد ہاشم، خانپور
سوال: میں نے دسویں کا امتحان دیا ہوا ہے۔ آئندہ کس شعبے میں جانا بہتر رہے گا؟ میری پریشانیاں کب ختم ہوں گی؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق تعلیمی معاملات میں وقتی مشکلات آسکتی ہیں جنہیں محنت اور روحانی تدابیر کے ساتھ دور کیا جا سکتا ہے۔
حالات نہیں سدھر رہے
عدنان، صادق آباد
سوال: میں گھریلو اور مالی طور پر مشکلات کا شکار ہوں، شادی کے بعد میرے حالات بہت خراب ہونا شروع ہو گئے تھے۔ چار سال سے مسلسل خسارے میں ہوں، حالات میں بہتری کب تک متوقع ہے؟
جواب: آپ گردشِ ایام کا شکار ہیں، شادی کا آپ کی پریشانی سے کوئی تعلق نہیں۔ ابھی مزید دو سال تک ملے جلے حالات کا سامنا رہے گا۔ صدقات اور وظائف سے پریشانی کا خاتمہ جلد ممکن ہے۔
ستاروں کی نحوست
عظیم، قصور
سوال: مجھے کافی عرصے سے گھنٹیا ہے جس کی وجہ سے میں ابھی تک ٹھیک نہیں ہو سکا۔ مجھے آپ سے معلوم کرنا ہے کہ میں کون سا علاج کراؤں اور کون سے معالج کے پاس جانے سیمجھے شفا ملے گی؟
جواب: آپ کے زائچے کے تجزیہ سے معلوم ہوتا کہ آپ پر مریخ اور زحل کی بد نظری ہے۔ جس کی وجہ سے آپ گھنٹیا میں مبتلا ہیں۔ گھنٹیا کے اکثر مریضوں کے زائچہ میں قمر در حمل یا مریخ در جدی نظر تربیع بنا ہوتا ہے۔ اس قسم کی بدنظری میں اگر زحل بھی ہو تو اس کی تاثیر بڑھ جاتی ہے۔ بہرحال شفا منجانب اللہ ہے۔ سورہ فاتحہ 21 مرتبہ اول و آخر 11 مرتبہ درود شریف کے ساتھ پانی پر دم کر کے استعمال کریں۔ لوحِ شفاء بنوائیں اور پہنیں، اپنے برج کے مطابق خوراک اور نامیاتی نمک کا تجزیہ کروا کر استعمال کریں۔ شفا بالحاظ معالج کے لئے ہم زائچہ کا دسواں گھر دیکھتے ہیں مگر معالج کا نام یا حلیہ جاننے کے لئے علم جفر ہمیں بہتر رہنمائی دیتا ہے۔ اس کے لئے ا، ع، ل سے متعلقہ حروف والے معالجین زیادہ بہتر ہوں گے۔ اور انشاء اللہ شفا یاب ثابت ہوں گے۔
شادی کب تک ہوجائے گی
عمیر منیر، لندن
سوال: میری عمر 28 سال ہے، اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا ہوں۔ میرے والدین جلد از جلد میری شادی کرنا چاہتے ہیں۔ ماشاء اللہ برسر روزگار ہوں۔ مہربانی فرما کر بتائیں کہ میری شادی کب ہو گی، اپنوں میں ہو گی یا غیروں میں، بندش وغیرہ کے اثرات تو نہیں؟
جواب: بندش کے اثرات نہیں ہیں۔ آپ کی شادی خاندان سے باہر 2018ء تک متوقع ہے۔ پریشانی ہونے کی بات ہے۔
شوہر لڑتا بہت ہے
فاطمہ علی، ساہیوال
سوال: میری شادی کو 2 سال ہو چکے ہیں۔ شوہر انتہائی سخت مزاج اور ہر وقت لڑتے جھگڑتے ہیں۔ گھر کا ماحول ہر وقت تناؤ میں رہتا ہے، زائچوں کی روشنی میں وجہ اور حل بتائیں۔
جواب: غصے کو اسلام نے حرام کہا ہے، غصہ کی وجہ سے لڑائی جھگڑے سے نہ صرف دوسروں کے لئے مسائل پیدا ہوتے ہیں بلکہ اس شخص کی اپنی صحت کے لئے بھی خطرہ ہوتا ہے۔ رویے میں نرمی لائیں اور ایسا ماحول پیدا کریں جس سے آپ کے شوہر ناراض نہ ہو، نماز پنجگانہ خشوع کے ساتھ ادا کریں۔ روحانی وظائف اور قرآنی آیات سے مسئلے کا حل ممکن ہے۔ کھانے پینے میں نمک اور تیز مصالحوں کا استعمال کم کریں۔
( ایم اے شامی نقشبندی روحانی علوم سمیت علم نجوم ،علم الاعداد، دست شناسی ،علم الجفر کے ماہر ہیں،وہ کئی قومی اخبارات و جرائد میں کالم لکھ کر لوگوں کی رہ نمائی کرتے ہیں۔
اگر آپ کو بھی ایسے مسائل کا سامنا ہے تو اپنے کوائف اس پتہ پر ای میل کریں ،کوائف میں اپنا نام،تاریخ پیدائش،وقت پیدائش،شہر کا نام لازمی لکھیں۔جواب اس کالم مِیں باری آنے پر دیا جائیگا۔pakastrologer@gmail.com )