صدر مملکت سے سعودی وفد کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری سے سعودی سرمایہ کاری وفد نے ملاقات کی ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ملاقات کے دوران برادر ممالک نے معیشت، زراعت، کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں ممالک نے تعلقات کو ایک طویل المدتی اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا کے پرامن مستقبل کیلئے کام کرنا چاہیے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔آصف علی زرداری نے پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا اور سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان آل سعود کی بصیرت افروز قیادت کی تعریف کی، انہوں نے سعودی عرب کی ویژن 2030 کے تحت شاندار ترقی کو بھی سراہا۔
صدر مملکت نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دینے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی ہمارے لئے باعث مسرت اور فخر ہے۔
اس موقع پر سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے پاکستان کے تعمیری انفراسٹرکچر اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے، سعودی وفد مختلف شعبوں میں 25 معاہدوں پر دستخط کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ان معاہدوں سے دوطرفہ اقتصادی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔