ایرانی حملے میں کتنے اسرائیلی ایف 35 لڑاکا طیارے تباہ ہوئے؟ مشیر انقلابی گارڈز بریگیڈیئر جنرل ابراہیم جباری کا بڑا دعویٰ
تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن )ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوجی اہداف پر حالیہ جوابی میزائل حملوں میں صیہونی حکومت کے ایف 35 لڑاکا طیاروں کی بڑی تعداد میں تباہی ہوئی ہے۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق تہران میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی انقلابی گارڈز کے مشیر بریگیڈئیر جنرل ابراہیم جباری نے کہا کہ یکم اکتوبر کو ایران نے اسرائیلی حکومت کے خلاف جو میزائل فائر کئے ان میں سے 90 فیصد نے کامیابی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔
ابراہیم جباری نے کہا کہ ایرانی حملے میں کئی اسرائیلی ایف 35 لڑاکا طیارے بھی تباہ ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میزائل حملوں کے دوران سائبر اور الیکٹرانک وارفیئر حملوں کے ذریعے 90 فیصدمیزائل نشانے پر لگے تھے، اسرائیل اور امریکا کے لئے یہ سب سے بڑا سرپرائز تھا۔
واضح رہے کہ ایران نے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے اسرائیل پر 190 میزائل داغے تھے جس میں اسرائیل کی تین ایئر بیسز اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ایران کی القدس فورس نے اسرائیل پر حملے میں 90 فیصد اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ایران کے زیادہ تر میزائل تباہ کر دیے تھے، کچھ میزائل اسرائیل کی حدود میں گرے۔