شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس، جڑواں شہروں میں تعلیمی ادارے 5 روز تک بند کرنے کا اعلان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر اسلام آباد میں تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے تاہم انتظامیہ نے او/اے لیول کے امتحانات کے انعقاد کی اجازت دے دی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا ہے کہ اے/او لیول کے امتحانات کا انعقاد اسلام آباد کے تین سینٹرز میں ہوگا اور یہ امتحانات منعقد کرنے والے ادارے کھلے رہ سکیں گے۔ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز نے کہا کہ ای الیون، نور محل جی ٹی روڈ اور ایچ ایٹ امتحانی مراکز کھلے رہیں گے جبکہ باقی تعلیمی ادارے اجلاس کے ایام میں مکمل طور پر بند رہیں گے۔
ادھر راولپنڈی میں شہر بھر کے تمام کیش اینڈ کیری مارٹ، ریستوران ،شادی ہال ،اسنوکر کلب 12 سے 16 اکتوبر تک 5 روز کے لیے بند ہونگے۔ تھانوں کے ایس ایچ اوز نے تمام مالکان سے ضمانتی بانڈ بھی لے لیے ہیں۔
کانفرنس کے باعث اڈیالہ جیل سے پانچ روز تک ملزمان بھی عدالتوں میں پیش نہیں کئے جائیں گے اور عدالتوں نے تمام اہم مقدمات کی سماعت 16 اکتوبر کے بعد مقرر کرنا شروع کر دی ہے۔
شہر بھر کی کثیر المنزلہ عمارتوں کی چھتوں پر بھی کمانڈوز، اسنائپر شوٹر تعینات ہوں گے۔نور خان چکلالہ ایئربیس کے اطراف 3 کلو میٹر کے ایریاز میں کبوتر بازی ،پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔ گھروں، چھتوں سے کبوتروں کے جالے مسمار کردیے گئے۔