پنجاب کی جیلوں میں ریفارمز کا سلسلہ جاری، بخشی خانوں کی بہتری کیلئے مراسلہ بھیج دیا گیا
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب بھر کی جیلوں میں ریفارمز ایجنڈے پر عملدرآمد جاری ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے جیلوں سے عدالتوں میں پیشی پر جانے والے اسیران کی سہولت کیلئے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو بخشی خانوں کی بہتری کیلئے مراسلہ لکھ دیا ہے۔ مراسلے میں ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام اضلاع میں قائم بخشی خانوں کی حالت درست کی جائے اور بخشی خانوں میں تعمیر و مرمت کے کاموں کیلئے ضروری فنڈز کی تفصیلات شئیر کی جائیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ پنجاب کی 43 جیلوں سے روزانہ اوسطاً 7 ہزار سے زائد قیدی عدالتوں میں پیشی کیلئے جاتے ہیں۔ عدالتی احاطے میں پیشی پر لائے گئے قیدیوں کو بخشی خانے کی بیرکوں میں رکھا جاتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ جیل خانہ جات پہلے ہی قیدیوں کو عدالت روانگی سے قبل لنچ باکسز اور ٹھنڈے پانی کی بوتلیں فراہم کر رہا ہے۔ اس اقدام سے اسیران بخشی خانے میں قیام کے دوران دوپہر کا کھانا سہولت سے کھا سکتے ہیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ جیل ملازمین اور اسیران کی فلاح وبہبود پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور جیل ریفارمز ایجنڈا پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔