پولیو مہم میں رکاوٹ
خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں کے بعدکوہاٹ کے شہریوں نے بھی انسداد پولیو مہم کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ میڈیا پورٹس کے مطابق ضلع کوہاٹ کے بورکہ سمیت کئی علاقوں کے عوام نے پانچ روزہ پولیو مہم کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اپنے مطالبات پیش کیے ہیں۔اُن کا کہنا ہے کہ پہلے اُنہیں پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے اور بچوں کے پرائمری سکول کی بوسیدہ عمارت کی مرمت کرائی جائے پھر پولیو مہم چلائی جائے۔ علاقائی اَمن کمیٹی کا کہنا ہے کہ سکول کی بوسیدہ عمارت کی وجہ سے سینکڑوں بچوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں، وہ چار سال سے صوبائی حکومت سے فنڈ کا مطالبہ کر رہی ہے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ بعض رہائشی ایسے بھی ہیں جو ابھی بھی اِس موقف پر قائم ہیں کہ انسدادِ پولیو مہم مضر صحت ہے۔علاقے کے لوگوں کے مطالبات اپنی جگہ درست ہیں لیکن پولیو کی مہم کا بائیکاٹ کرنا کسی طور مناسب نہیں ہے، اِس سے نقصان ان کا اپنا ہی ہو گا۔متعلقہ حکام کو چاہئے کہ اِس بات کا نوٹس لیں، شہریوں کو ہر حال میں انسداد پولیو مہم کی اہمیت کے بارے میں آگاہی دیں، ساتھ ہی ساتھ حکومت اُن کے مطالبات پورے کرنے کا اہتمام بھی کرے۔