غیر ملکی دوروں کے دوران کرکٹرز کے فیملی باہر لے جانے پر پابندی عائد کرنے کے لیے درخواست دائر
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو فیملی باہر لے جانے پر پابندی اور اخراجات کی تفصیلات سامنے لانے کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔"ایکسپریس نیوز" کے مطابق اس حوالے سے ایڈووکیٹ فیصل وحید نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔ درخواست میں پاکستان کرکٹ بورڈ، چیف سلیکٹر، ٹیم مینجر، ہیڈ کوچ اور کپتان بابر اعظم کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ درخواست گزار پاکستان کا شہری ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ ٹی 20 میں کارکردگی مایوس کن رہی، پاکستانی ٹیم، کرکٹ میں نئی آنے والے امریکن ٹیم سے ہار گئی، پاکستان کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں پر بھاری اخراجات کیے جاتے ہیں، کرکٹ ٹیم کی شکست سے عوام کو سخت مایوسی ہوئی۔مؤقف اپنایا گیا کہ عدالت کرکٹ ٹیم کے بیرون ملک ہونے والے اخراجات کی تفصیلات طلب کرے، عدالت تمام آفیشلز کو تنخواہوں سمیت دیگر سہولیات کی تفصیلات طلب کرے، عدالت کرکٹرز اور آفیشل کو بیرون ملک ٹور پر لے جانے پر پابندی عائد کرے۔