نالائقوں نے( ن) لیگ کی محنت چند سال میں تباہ کردی،مریم نواز
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفت کو دشمنی میں بدلنے کے رجحان نے پاکستان کو نقصان پہنچایا ہے۔
صوبائی وزراء، پارلیمانی اور انتظامی سیکریٹریز سے ملاقات میں مریم نواز نے کہا کہ 4 سال نالائقوں کی حکومت رہی، جس نے 40 سالہ ترقی کو تباہ و برباد کردیا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا ترقی کرتا ہوا پنجاب ملتا تو بہت تیزی سے آگے بڑھتے، (ن )لیگ کے سابق وزیراعلیٰ کے دور میں جو دن رات محنت ہوئی، وہ نالائقوں نے چند برسوں میں تباہ کردی۔کوئی 5 سال میں اتنی سکیمیں نہیں لاسکتا، جتنی ہم 6 ماہ میں لائے ہیں، ہماری سکیمیں کاغذی نہیں بلکہ عملی طور پر کام شروع ہوچکا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ باقی باتیں کرتے رہیں، کسان کارڈ کے لیے 8 لاکھ سے زائد لوگوں نے اپلائی کیا۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں کسان کارڈ کی ڈلیوری شروع ہوچکی، 4 لاکھ کسان کارڈ ایشو ہورہے ہیں، گرین ٹریکٹر سکیم میں 10 لاکھ روپے سبسڈی بہت بڑا اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ محنت کی ہے لیکن 6 ماہ میں مثالی بہتری کا دعویٰ نہیں کرسکتے، جتنا بھی کام کرلوں اپنے کام سے کبھی مطمئن نہیں ہوتی۔مہنگائی کم ہورہی ہے پہلے پرائس کا گراف اوپر جاتا تھا اب نیچے جارہا ہے، پنجاب میں آٹا 80 روپے کلو اور دوسرے صوبے میں 140 روپے کلو ہے۔