اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں، صدر آصف زرداری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے قائداعظم محمد علی جناح کے اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے 11 اگست 1947 کے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں، پاکستان نے اقلیتوں کو بااختیار بنانے کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں۔
اقلیتوں کے دن کے موقع پر صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ اقلیتوں کے کردار کے اعتراف میں اقلیتوں کا دن مناتے ہیں، قائداعظم کے اقلیتوں کے حقوق کے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔آصف زرداری نے کہا کہ اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں، ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے، پاکستان نے اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔
سابق صدر کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں نشستیں بھی مختص کی ہیں، غریب اور مستحق افراد کو مالی امداد، شادی کے لیے گرانٹس، اقلیتی برادریوں کے طلباء کو تعلیمی وظائف اور ان کی عبادت گاہوں کی مرمت، دیکھ بھال کے لیے فنڈز کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اقلیتوں کو زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے مساوی مواقع فراہم کیے جارہے ہیں، اقلیتوں کے مستقبل کے لیے میری نیک تمنائیں اُن کے ساتھ ہیں۔