وہ 10 لوگ جنہیں 2024 میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا

وہ 10 لوگ جنہیں 2024 میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا
وہ 10 لوگ جنہیں 2024 میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سان فرانسسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن) گوگل کی جانب سے ہر سال کے اختتام پر ان لوگوں کی فہرست جاری کی جاتی ہے جنہیں سال کے دوران اس سرچ انجن پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا ہوتا ہے۔ سنہ 2024 میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی گئی شخصیت امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔ وہ نومبر میں ہونے والے الیکشن میں فاتح قرار پائے۔
برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن گوگل سرچ میں دوسرے نمبر پر رہیں۔ سنہ 2024 میں ان کے اچانک منظر سے غائب ہونے اور ان کے بیماری میں مبتلا ہونے کے حوالے سے آنے والی خبروں نے انہیں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت بنادیا۔ امریکہ کی موجودہ نائب صدر اور حالیہ الیکشن میں صدارتی الیکشن ہارنے والی کاملہ ہیرس گوگل سرچ میں تیسرے نمبر پر رہیں۔
الجیریا سے تعلق رکھنے والی باکسر ایمان خلیف دنیا میں سب سے زیادہ گوگل پر سرچ کیے گئے افراد میں چوتھے نمبر پر رہیں۔ اولمپک گیمز میں ان کی شخصیت تنازعات کا شکار رہی، وہ گولڈ میڈلسٹ تو بنیں لیکن ان کی صنف کے تعین کی وجہ سے انہیں تنقید کا سامنا رہا۔ بہت سے لوگوں کی طرف سے یہ دعویٰ کیا جاتا رہا کہ وہ ایک ٹرانس جینڈر ہیں اور انہیں خواتین کی باکسنگ میں حصہ نہیں لینا چاہیے۔ سب سے زیادہ گوگل کی گئی شخصیات میں پانچواں نمبر امریکہ کے موجودہ صدر جوبائیڈن کا رہا۔
باکسنگ لیجنڈ مائیک ٹائسن گوگل سرچ میں چھٹے نمبر پر رہے۔ ان کی یوٹیوبر جیک پال کے ساتھ باکسنگ کے مقابلے کی وجہ سے سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔ گزشتہ دنوں ہونے والے اس مقابلے میں بوڑھے مائیک ٹائسن کو اپنے نوجوان حریف سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ  کے ساتھ نائب صدر کے عہدے پر منتخب ہونے والے جے ڈی وینس گوگل سرچ میں ساتویں نمبر پر رہے۔
سپین سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ فٹبالر لامین یمال گوگل سرچ میں آٹھویں نمبر پر رہے۔ انہوں نے یوئیفا چیمپینز لیگ اور لالیگا میں اپنی مہارت کے ذریعے شہرت کمائی۔ دنیا میں سب سے زیادہ گوگل کی گئی شخصیات میں نواں نمبر امریکن آرٹسٹک جمناسٹ سمون بائلز کا رہا۔ ان کے 11 اولمپک میڈلز اور 30 ورلڈ چیمپین شپ میڈلز انہیں تاریخ کی کامیاب ترین جمناسٹ بنادیتے ہیں۔ گوگل پر دسویں سب سے زیادہ سرچ کی گئی شخصیت بدنام زمانہ ہالی ووڈ سلیبریٹی شان ڈڈی کومبز کی رہی۔ وہ سیکس ٹریفکنگ جیسے سنگین الزامات کی وجہ سے جیل میں قید ہیں۔