مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے درمیان رابطے بحال ہو گئے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)حکمران جماعت ن لیگ اور اپوزیشن جماعت تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان رابطے بحال ہوگئے۔
" جیو نیوز" کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کےلیے پارلیمنٹ کا پلیٹ فارم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا نے سپیکر سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ موجود تھے۔ حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات کےلیے پارلیمنٹ کے فورم کے استعمال کی تجویز سپیکر ایاز صادق نے دی۔
پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرنے کی تجویز کو پی ٹی آئی اور حکومت دونوں نے تسلیم کر لیا، طے پایا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات بغیر کسی پیشگی شرائط کے ہوں گے۔ مذاکرات کا مقصد ملک میں سیاسی عدم استحکام اور جاری تناؤ میں کمی لانا ہو گا، فریقین جلد مذاکراتی کمیٹیوں کے اراکین کے نام مشاورت سے دیں گے۔ ایاز صادق سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات سپیکر ہاؤس میں ہوئی، اس سے پہلے اسد قیصر اور سلمان اکرم راجہ نے سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی تھی۔