ملک میں امن و امان کا قیام ،کارگل سے لیکر سوات تک پاک فوج کی محنت رنگ لے آئی ہے: شاہد خاقان عباسی
چراٹ(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) سب سے زیادہ قربانیاں دیتی ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں ایس ایس جی سب سے پہلے پہنچتی ہے، ایس ایس جی کی قربانیاں وہ ہیں جو منظر عام پر نہیں آتیں لیکن ہمارے کمانڈوز کی قربانیاں باعث افتخار ہیں، کارگل سے لیکر سوات تک پاک فوج کی محنت رنگ لائی ہے جبکہ آپریشن ضرب عضب میں ایس ایس جی کی محنت نظر آتی ہے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چراٹ میں سپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، انہوں نے شہداءکی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، دورے کے دوران وزیراعظم کو ایس ایس جی آرگنائزیشن، اس کی صلاحیتوں اور کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا گیا، ایس ایس جی نے اپنی بعض پیشہ ورانہ مہارتوں اور آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جبکہ وزیراعظم نے ایس ایس جی کے زیر استعمال بعض ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی۔
سپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) کے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایلیٹ فورس کی کارکردگی اور دہشت گردی کے خلاف جاری کاوشوں کے دوران اس کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے ایس ایس جی اور مسلح افواج کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا جن کی قربانیوں سے پاکستان میں امن بحال ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا ہماری ایس ایس جی کی تعریف کرتی ہے، مجھے 4 ممالک کے سربراہان نے کہا آپ کی اسپیشل فورس کا کوئی ثانی نہیں ہے۔