صدر مملکت سے وزیراعظم کی ملاقات، پی ٹی آئی سے مذاکرات پر بات چیت
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )صدر مملکت آصف زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں پی ٹی آئی سے مذاکرات اور مدارس بل پر بات چیت کی۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف صدرمملکت سے ملنے پہنچے۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی، مخدوم احمد محمود، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور نوید قمر بھی موجود تھے۔
دونوں کے درمیان ملاقات میں پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، پی ٹی آئی کی جانب سے ابتدائی طور پر پیش کئے گئے عمران خان و دیگر قیدیوں کی رہائی اور 9 مئی و 26 نومبر واقعات کی جوڈیشل انکوائری کے مطالبات پر بات کی گئی۔
وزیرِ اعظم نے صدر کی صحت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
صدر مملکت اور وزیرِ اعظم نے ملکی ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں نے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے امور پر بھی بات چیت کی۔
دونوں رہنماو¿ں کا قانونی امور پر تمام سیاسی سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔ صدر مملکت نے وزیرِ اعظم کو ملکی ترقی اور استحکام کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
قبل ازیں حکومتی اتحاد اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور پارلیمنٹ ہاو¿س میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں ہوا اجلاس میں حکومت کی جانب سے 7 اور پی ٹی آئی کے 3 ارکان شامل تھے۔