عمران خان اپنی ہی پیر وڈی بن چکے ، 9مئی سب نے دیکھا : شیری رحمن
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی ہی پیروڈی بن چکے ہیں، 9 مئی سب نے دیکھا، شواہد ثابت کرتے ہیں عمران خان 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ ہیں اور انہوں نے لوگوں کو تشدد پر اکسایا۔ پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سوچا کہ ان کے بھیجے ہوئے مسلح فسادیوں کی جانب سے ریاستی تنصیبات، ایمبولینسوں، ریڈیو سٹیشنوں اور جنگی ہیروز کی یادگاروں پر حملوں سے ان کو سیاسی فائدہ ہوگا، کوئی بھی جمہوری سیاسی جماعت اس طرح کا ردعمل نہیں دیتی جیسا آپ نے ایک معمولی گرفتاری پر دیا۔ پیپلز پارٹی نے دہائیوں تک سختیاں اور صعوبتیں برداشت کیں لیکن کبھی ملکی اداروں پر حملہ نہیں کیا۔ اب یہ دعوہ کر رہے ہیں کہ پاکستان میں آج سے پہلے خواتین کو کبھی قید نہیں کیا گیا لیکن فریال تالپور، مریم نواز اور دیگر کو انہوں نے خود دہشتگردوں کی طرح جیل بھجوایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی جانب سے نشانا بنانے کے باوجود سیاسی جماعتوں اورا سٹیبلشمنٹ نے اپنے وقار کو برقرار رکھا۔ آپ اپنی ناکامیوں کو جمہوری طریقے سے درست کرنے کے بجائے ان تمام لوگوں پر تنقید کرتے ہیں جو اب بھی آپ کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کرتے جیسا آپ نے ان کے ساتھ کیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ ہم کسی کی تذلیل نہیں چاہتے، لیکن کوئی تمام قوانین سے بالاتر بھی نہیں ہونا چاہیے۔ آپ اب بھی قانون کی حکمرانی نہیں چاہتے۔ آپ ابھی بھی نہیں چاہتے کہ قانون سب پر یکساں طور پر لاگو ہو۔ انہوں نے کہا کہ واضح ہوتا ہے کہ آپ ابھی تک اپنی غلطیوں سے کچھ نہیں سیکھے، آپ کے پیدا کئے بحرانوں سے ملک کو نکالنے میں کئی برس لگیں گے۔ پاکستان آپ کا کرکٹ گراو¿نڈ نہیں ہے اور نہ ہی سیاست یا گورننس ٹی ٹوئنٹی گیم ہے۔
شیری رحمن