روس اور چین کے وزیراعظم آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے

روس اور چین کے وزیراعظم آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے
روس اور چین کے وزیراعظم آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)آئندہ ہفتے دو ممالک کے وزرائے اعظم پاکستان کا دورہ کریں گے جس میں روس اور چین شامل ہیں۔

 نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ روسی فیڈریشن کے وزیر اعظم میخائل ولادیمیرووچ مشہوسٹن کی 14 اکتوبر کو اسلام آباد آمد متوقع ہے جو کہ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان مملکت اجلاس میں شرکت کریں گے۔روسی وزیر اعظم میخائل ولادیمیرووچ مشہوسٹن کے ہمراہ ایک وفد بھی پاکستان پہنچے گا جبکہ روسی صحافیوں کی بڑی تعداد بھی آئے گی۔

 دورہ پاکستان میں روسی وزیر اعظم کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی ہوگی جبکہ میخائل ولادیمیرووچ مشہوسٹن دیگر اعلیٰ پاکستانی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ روسی وزیر اعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔

اسی طرح، چین کے وزیراعظم لی کیانگ بھی ایک اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ 14 اکتوبر کو ہی پاکستان پہنچیں گے۔ چینی وزیراعظم کا تین روزہ دورہ پاکستان دو حصوں پر مشتمل ہوگا۔دورے کے پہلے حصے میں چینی وزیر اعظم کی وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دیگر اعلیٰ پاکستانی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی جبکہ چینی وزیراعظم کی پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

ملاقاتوں میں پاک چین تعلقات، سی پیک کے نئے منصوبوں، چینی باشندوں اور منصوبوں کی سیکیورٹی سمیت دیگر امور زیر غور آئیں گے۔

دورے کا دوسرا حصہ 15 اکتوبر سے کثیر الجہتی دورے پر مشتمل ہوگا جس میں چینی وزیراعظم 15 اور 16 اکتوبر کو ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ایس سی او کے سربراہان مملکت اجلاس میں لی کیانگ چین کی نمائندگی کریں گے۔ چینی وزیراعظم کے اس دورے پر دونوں ممالک کے دوران متعدد معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔

واضح رہے کہ 11 سال بعد کسی بھی چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان ہوگا۔