وزیراعظم کا اسلام آباد کا دورہ،ایس سی او اجلاس کےانتظامات کا جائزہ لیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اسلام آباد کا دورہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
شاہراہ دستور کے مقام پر وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ شنگھائی تعاون تنظیم میں سربراہان مملکت آئیں گے، ہم مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کےلیے تیار ہیں۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ ایس سی او کانفرنس خوش اسلوبی سے آگے چلے گی، شرپسند عناصر کو رخنہ ڈالنے کا موقع نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے کانفرنس کے لیے سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے ہیں، اسلام آباد میں فوج، رینجرز اور پولیس تعینات ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان رواں برس شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کی میزبانی کررہا ہے، جو 14 اکتوبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگی۔
کانفرنس سے قبل اسلام آباد میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ وفاقی دارالحکومت میں تزئین و آرائش کے ساتھ جگہ جگہ سجاوٹ بھی کی گئی ہے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایس سی او کانفرنس کو ملکی معیشت کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہاکہ شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کی میزبانی کرنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔