رینجرز نے گزشتہ رات متحدہ کارکنان کا ماورائے عدالت قتل کیا :فاروق ستار
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے الزام عائد کیا ہے کہ رینجرز نے گزشتہ رات ایم کیو ایم کے تین کارکنا ن کو ماورائے عدالت قتل کیا ہے ۔مقتول کارکنان کانام بھی ایم کیوایم کی لاپتہ کارکنان کی فہرست میں تھا ۔متحدہ نے لاپتہ کارکنان کا معاملہ ہرفورم پر اٹھایا لیکن اس پر ابھی تک کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔نائن زیرو میں پریس کانفرنس کے دوران فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے 150 لاپتہ کارکنان کی فہرست وزیر اعظم ،قائم علی شاہ ،ڈی جی رینجرز ،پرویز رشید ،انوشے رحمان ،اسحاق ڈار ،فضل الرحمان اور عدالت کے سامنے پیش کی لیکن اس پر کوئی ایکشن نہیں ہوا ۔ان کاکہنا تھا کہ گزشتہ رات رینجرز نے آپریشن کر کے ایم کیو ایم کے تین کارکنان کو ماورائے عدالت قتل کیا اور رینجرز کے ترجمان نے ان افراد کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے بتایا ۔بعد ازاں ایم کیوایم کے مقتول کارکنان کے اہل خانہ میں ایدھی سنٹر کے سرد خانے میں لاشیں شناخت کیں تو پتہ چلا کہ ان افراد کا تعلق کالعدم جماعت سے نہیں بلکہ یہ ایم کیوایم کے کارکنان تھے ۔مقتولین میں جنید اللہ ولد حبیب ،عدیل ولد محمد شریف اور شاہد غلام ولد غلام محمد کا نام شامل ہے جن کا تعلق کورنگی کے علاقے سے تھا ۔ ان کا کہناتھا کہ ایم کیوایم کے مقتول کارکنان گزشتہ چار ماہ سے رینجرز کی تحویل میں تھے ۔