ایکسائز ڈیوٹی چوری کا الزام ، وزیراعظم اوروزیراعلیٰ کے قریبی رشتے داروں کی گرفتاری کا حکم
لاہور(سعید چودھری ) فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں کروڑوں روپے کی خورد برد کے الزام میں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے قریبی رشتے داروں عبداللہ شوگر ملزاور حسیب وقاص شوگر ملز کے ڈائریکٹروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ۔میاں حسیب الیاس ،وقاص ریاض او ر حافظ عرفان بٹ سمیت ان ملوں کے ڈائریکٹروں کے یہ وارنٹ گرفتاری سپیشل جج کسٹم کی طرف سے جاری کئے گئے ہیں ۔وارنٹ جاری کرنے کی درخواسست ڈپٹی کمشنر لارجر ٹیکس یونٹ صاحبزادہ عمر ریاض کی طرف سے کی گئی تھی۔
ایل ٹی یو کا موقف ہے کہ مذکورہ دونوں شوگرملوں کے ڈائریکٹروں کے خلاف اس سال ایف آئی آر نمبر1،اور ایف آئی آرنمبر2، درج کی گئیں جن میں ان پر کروڑوں روپے کی ایکسائز ڈیوٹی کی خورد برد کا الزام ہے ۔ملزمان شامل تفتیش نہیں ہورہے ۔ایل ٹی یو کے وکیل چودھری امتیاز الٰہی کی طرف سے سپیشل جج کے روبرو موقف اختیار کیا گیا کہ ملزموں کی طرف سے تفتیش میں شامل نہ ہونے کی بنا پر ان کی گرفتاری ضروری ہوگئی ہے ،اس لئے استدعا ہے کہ ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں ۔فاضل جج نے استدعا منظور کرتے ہوئے تمام ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔
میاں حسیب الیاس نہ صرف شریف برادران کے چچا زاد بھائی ہیں بلکہ میاں شہباز شریف کے برادر نسبتی اور حمزہ شہباز کے ماموں بھی ہیں۔ان ملوں کے دیگر ڈائریکٹروں میں مصطفیٰ رضا،وقاص ریاض ،حافظ عرفان بٹ،بریگیڈئر(ر)ایم اکرم شامل ہیں جو شریف برادران کے قریبی عزیز ہیں،ڈائریکٹروں میں ایس اکرم بخاری کا نام بھی شامل ہے