آپ کل رات کہاں تھے؟ ارکان کے سوال پر وزیراعلیٰ کے پی نے کیا بتایا؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پشاور کے وزیراعلیٰ ہاوس میں پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے ذرائع کے مطابق بتایا کہ اراکین نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے سوال کیا کہ آپ کل رات کہاں تھے؟ جس کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری حکام کے ساتھ میٹنگ تھی،کل رات کسی نے کہیں پر زبردستی نہیں بٹھایا۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ معمول کا اجلاس تھا لیکن جیمر کی وجہ سے رابطہ نہ ہوسکا، جس پر اراکین اسمبلی نے کہا کہ ہم جلسے میں آپ کے موقف کا ساتھ دیں گے۔
اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ جلسوں میں اس سے بھی سخت مو¿قف اپنایا جائے گا، اسمبلی فلور پر روازنہ 5 اراکین کی جانب سے وفاقی حکومت اور سرکاری حکام کے خلاف سخت موقف اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے نجی ٹی وی جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے کل سرکاری حکام سے میٹنگ کے حوالے سے پارلیمانی پارٹی کو بتایا ہے، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل بھی تیار کیا گیا ہے۔