غلط عناصر کی نشاندہی نہیں کریں گے تو اصلاح کیسے ہو گی, علی امین گنڈاپور
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ غلط کاموں اور غلط عناصر کی نشاندہی نہیں کریں گے تو اصلاح کیسے ہو گی۔
بار کونسل ایسوسی ایشنز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ دو قانون، دو نظام اور دو پاکستان نہیں چل سکتے،سب کے لیے ایک جیسا قانون اور ایک نظام ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آئین ہمیں اجازت دیتا ہے کہ ہم اپنے حقوق کا دفاع کریں، ہمارے چیلنجز کچھ اور ہیں، اہداف کچھ اور ہونے چاہئیں مگر ہم کسی اور چیز میں الجھے ہیں،جب تک ہم اس صورتحال سے باہر نہیں آتے، آگے نہیں بڑھ سکتے۔علی امین گنڈا نے کا کہنا تھا کہ ہم نے خود سے شروع کرنا ہے اور اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے، ہم نے کسی سے انتقام نہیں لیا اور نہ ہی صوبائی اداروں کو ذاتی انتقام کے لیے استعمال کیا، ہم نفرتیں نہیں پیدا کرنا چاہتے کیونکہ اس کا نقصان ملک کو ہوتا ہے، تاہم اپنے حق، انصاف اور حقیقی آزادی کے لیے بات کرنا ترک نہیں کریں گے۔