سیالکوٹ میں علامہ اقبال ایکسپریس کے ڈبے میں اچانک دھواں بھر گیا ، حیران کن انکشاف
سیالکوٹ (ڈیلی پاکستان آن لائن )سیالکوٹ سے کراچی جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کی ایک بوگی میں دھواں پھیل جانے کے بعد مسافر خوف ہراس میں مبتلا ہوگئے، ٹرین کو ایمرجنسی میں روک کر متاثرہ بوگی کو علیحدہ کر دیا گیا۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے ریلوے ذرائع سے دعویٰ کیاہے کہ علامہ اقبال ایکسپریس کی بوگی میں دھواں پھیلنے کے بعد ٹرین کو ساہیوال اسٹیشن پر روک لیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ سیالکوٹ سے کراچی جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کی بوگی میں چنگاریاں اٹھنے کے بعد دھواں پھیل گیا تھا جس سے مسافر خوف و ہراس کا شکار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق چنگاریاں بوگی میں ہارٹ ایکسل گرم ہونے کے باعث پیدا ہوئیں جس سے بوگی میں دھواں بھر گیا تھا۔متاثرہ بوگی کو ٹرین سے الگ کرنے کے بعد علامہ اقبال ایکسپریس کو کراچی روانہ کردیا گیا۔